کراچی(پاک نیوز24)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی ائی اے)اور سعودی سیاحت اتھارٹی کے پاکستان میں نمائندہ فنادق ٹریول اینڈ ٹورزم سروسز نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاحت اور ہوائی سفر کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یاداشت طے پا گیا۔ شراکت داری کا مقصد سعودی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ مارکیٹنگ، پرکشش ٹریول پیکیجز اور دیرپا سیاحت کے طریقوں کے ذریعے پاکستانی مسافروں کے لیے سعودی عرب کو ایک سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔ یہ تعاون سعودی حکومت کے وژن 2030 کے وسیع تر مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے کارآمد ثابت ہو گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او پی ائی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نے کہا کہ یہ شراکت داری پی آئی اے کی جانب سے اپنے مسافروں کو بہترین سفری سہولیات مہیا کرنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم فنادق اور سعودی سیاحتی اتھارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کو آسان اور قابل رسائی بنائیں گے۔فنادق کے سی ای او جناب محمد سلمان آرائیں نے کہا’’ہم سعودی عرب کو ایک عالمی سطح کی سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے پی آئی اے کے ساتھ ہاتھ ملانے پر پرجوش ہیں۔ ہم مل کر یہ یقینی بنائیں گے کہ پاکستانی سیاح سعودی عرب کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو دریافت کریں اور لطف اندوز ہوں۔ توقع کی جاسکتی ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان سعودی عرب کے مابین تعلقات کو مضبوط بنائے گی، دونوں ملکوں کے مابین سیاحت کو فروغ دے گی۔