کراچی(پ ر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کے خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک بد ترین دن تھا۔
اس دن بھارت نے اپنی افواج کشمیر میں اتاریں تھیں، بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈے آج بھی کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے ظلم و جبر کا صبر و استقامت سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
تحریک آزادی میں دی جانے والی ہزاروں قربانیاں ان کے عزم کو مزید پختہ کر رہی ہیں، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم، بر بریت ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو روکنے میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔