کراچی – 19 فروری 2025 – امریکہ کی 20 سے زائد ممتاز جامعات کے نمائندگان کراچی پہنچے، جو ایجوکیشن یو ایس اے کے اشتراک سے اپنے سالانہ ساؤتھ ایشیا اسپرنگ ٹور کے تحت پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایجوکیشن یو ایس اے نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک شاندار تعلیمی میلے کا انعقاد کیا، جہاں سینکڑوں پاکستانی طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع، وظائف، داخلے کے طریقہ کار اور دیگر اہم امور پر مفید اور مفت معلومات حاصل کیں۔
کراچی میں منعقدہ یہ تعلیمی میلہ اس دورے کا پہلا مرحلہ تھا، جس کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ امریکی جامعات کے نمائندگان نے پاکستانی طلبہ کے لیے امریکہ میں تعلیمی امکانات، کیمپس کی زندگی، مالی معاونت اور داخلے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی، تاکہ انہیں وہاں تعلیم حاصل کرنے کے امکانات کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد مل سکے۔
اس موقعہ پر کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربام نے کہا، “اس وقت تقریباً 11 ہزار پاکستانی طلبہ امریکہ میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ امریکی حکومت کو فخر ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کالیج ٹورکی مدد سے امریکا میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کو انکے گھر کی دہلیز تلک مفت وسہل تعلیمی معلومات باہم پنچانے میں مدد فراہم کر رہی ہے، جس کا آغاز کراچی سے کیا گیا ہے، تاکہ پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولتوں سے جوڑا جا سکے۔”
انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن )آئی آئی ای( کی اوپن ڈورز رپورٹ 2024 کے مطابق، اس وقت امریکہ کی جامعات میں پاکستانی طلبہ کے اندراج کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ہزاروں اعلیٰ تعلیمی پروگرام، عالمی معیار کے اساتذہ، اور بے مثال تعلیمی لچک کے ساتھ، امریکہ بین الاقوامی طلبہ کے لیے سب سے پسندیدہ تعلیمی منزل بنا ہوا ہے۔
امریکی سفارتی مشن پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور سالانہ منعقد ہونے والا یہ ساؤتھ ایشیا کالج ٹور بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس دورے کے تحت امریکی جامعات کے نمائندے پاکستان آ کر طلبہ سے براہِ راست ملاقات کرتے ہیں۔ کراچی سے آغاز کے بعد یہ ٹور لاہور اور اسلام آباد میں بھی منعقد ہوگا۔ اس کا اہتمام یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان )یو ایس ای ایف پی( کر رہا ہے، جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان 1950 میں قائم ہونے والا ایک دوطرفہ تعلیمی تبادلہ پروگرام ہے۔
ایجوکیشن یو ایس اے – پاکستان، جو امریکی محکمہ خارجہ کے گلوبل ایڈوائزنگ نیٹ ورک کا حصہ ہے، امریکہ میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق معلومات کا واحد مستند اور مفت ذریعہ ہے۔ امریکی جامعات سے فارغ التحصیل ماہرین پر مشتمل ایجوکیشن یو ایس اے کی ٹیم پاکستانی طلبہ کو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔