کراچی ( 20 جنوری 2026)امریکی قونصل خانہ کراچی نے گل پلازہ میں پیش آنے والی افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر کراچی کے عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں قونصل جنرل چارلس گڈمن نے کہا کہ ہم اس سانحے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج میں برابر کے شریک ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم ان فوری امدادی ٹیموں کے ارکان کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتہائی مشکل اور پرخطر حالات میں انتھک محنت کی۔ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہا کہ
اس مشکل گھڑی میں ہماری دلی ہمدردی اور تعزیت سوگوار خاندانوں اور اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ متحدہ ریاست ہائے امریکہ کراچی کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جب شہر اس سانحے کے غم سے نبرد آزما ہے، بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے، اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہا ہے۔




