
کراچی( 10 اگست 2026) پاکستان کے معروف کمرشل بینکوں میں شامل بینک الفلاح نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک سے’’الفا فاریسٹ‘‘ اقدام کے تحت مینگرووز کی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد ماحولیاتی پائیداری کے لیے بینک کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ پاکستان کے ساحلی ماحولیاتی نظام کی بحالی اور تحفظ کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
کراچی میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ویٹ لینڈ سینٹر میں منعقدہ شجرکاری مہم میں بینک الفلاح کے ملازمین، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے نمائندوں، ماحولیاتی ماہرین اور رضاکاروں نے شرکت کی اور بینک کی جاری ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کے تحت مینگرووز کے پودے لگائے۔
الفا ایپ کے ذریعے دستیاب ’’الفا فاریسٹ‘‘ اقدام صارفین کو اپنی ڈیجیٹل بینکنگ سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان میں شجرکاری میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مینگرووز شجرکاری مہم اس اقدام کے اگلے مرحلے کی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت صارفین کی شرکت کو ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک سے عملی ماحولیاتی اقدامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام سے بینک الفلاح کے ذمہ دارانہ بینکاری کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ بینک ایسے قدرتی طریقوں کی حمایت کر رہا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے تحفظ اور ساحلی علاقوں میں رہنے والی آبادی کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
الفا ایپ کے 14 لاکھ فعال صارفین میں سے 10 لاکھ سے زائد صارفین اس اقدام میں حصہ لے چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی جانب سے ایک، ایک مینگرووز کا پودا لگانے میں مدد ملی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بینک الفلاح کے چیف ڈیجیٹل آفیسر محمد یحییٰ خان نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ ٹیکنالوجی مثبت تبدیلی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔ ’’الفا فاریسٹ‘‘ کے ذریعے ہمارے صارفین صرف ڈیجیٹل بینکاری کے ذریعے پائیدار ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ شراکت داری ہمیں صارفین کی اجتماعی شرکت کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، جس سے پاکستان کے ساحلی ماحولیاتی نظام کی بحالی اور زیادہ پائیدار مستقبل کے قیام میں مدد ملے گی۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر پروگرامز رب نواز نے کہا کہ مینگرووز کے جنگلات ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ، کاربن جذب کرنے، جنگلی حیات کاتحفظ برقرار رکھنے اور مقامی آبادی کے روزگار کے ذرائع کی معاونت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم بینک الفلاح کے ماحولیاتی تحفظ کے عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ایسے اقدام میں شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہیں جو عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دیرپا ماحولیاتی فوائد بھی فراہم کرتا ہے۔
پاکستان کے مینگرووز کے جنگلات ملک کے قیمتی ترین قدرتی ماحولیاتی نظاموں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ ساحلی کٹاؤ کے خلاف قدرتی دفاع فراہم کرنے، سمندری جنگلی حیات کے تحفظ اور کاربن جذب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بینک الفلاح کا ’’الفا فاریسٹ‘‘ اقدام قومی سطح پر موسمیاتی لچک بڑھانے کے ساتھ ساتھ اپنے صارفین، ملازمین اور معاشرے میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے میں بھی معاونت کرے گا۔
یہ اقدام بینک الفلاح کی وسیع تر ماحولیاتی، سماجی اور گورننس حکمت عملی کا حصہ ہے، جو اس مقصدکو مزید مضبوط کرتا ہے کہ اسٹریٹجک شراکت داری اور معاشرتی شمولیت کے ذریعے پائیدار ترقی کے فروغ میں کردار ادا کیا جائے۔




