کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی حکومت کیجانب سے سندھ کے محکمہ صحت کو تپ دق )ٹی بی( کی تشخیص وعلاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیئے پانچ موبائل ٹی بی وینز اور تین ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں عطیہ کیں گئیں۔
پاکستان میں مقررامریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے یہ وینز اور آلات وزیرِ صحت و آبادی سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو کو پیش کیئے۔
انہوں نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کا عکاس ہے اور سندھ میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پاکستان میں مقرر امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے سندھ کے محکمہ صحت کیجانب سے ٹی بی کے خاتمے کے عزم کو سراہا اوران موبائل یونٹس کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وینز سندھ کے کمزور طبقات تک زندگی بچانے والی خدمات پہنچانے میں مددگار ہوں گی۔2022 کے سیلاب کے بعد، امریکی حکومت نے صحت کے شعبے میں چوھترملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی ہے، جس میں ٹی بی کی تشخیص کے لیئے وینزاورموبائل ایکسرے یونٹس شامل ہیں، تاکہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ سرمایہ کاری سندھ کے مختلف اضلاع میں ٹی بی کی تشخیص کی سہولیات کی بہتری، عوامی شمولیت کو فروغ دینے اور صحت کی خدمات کی فراہمی کو مزید موثر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، تاکہ 2030 تک ٹی بی کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔