وفاقی اردو یونیورسٹی سینیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کے انتخاب کے لئے ‘سرچ کمیٹی’ کی تشکیل خوش آئیند ہے۔ مستقل شیخ الجامعہ کا تقرر ہی جامعہ کے مسائل کا موثر حل ہے۔ ان تاثرات کا اظہار وفاقی اردو کالج و یونیورسٹی المنائی ایسوسی ایشن کے صدر محفوظ النبی خان نے گزشتہ روز ہوئی یونیورسٹی سینیٹ کی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کے انتخاب کے لئے تشکیل دی گئی سرچ کمیٹی کے اراکین اس ذمہ داری کی انجام دہی کے لئے مناسب ترین ہیں۔ توقع ہے کہ سرچ کمیٹی جلد ہی ایسی اہل شخصیات کو وائس چانسلری کے لئے نامزد کرے گی جو تدریس کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بھی مہارت رکھتے ہوں تاکہ مستقبل میں جامعہ کے معاملات طلبہ اساتذہ و غیر تدریسی عمال کے حق میں بہترین ثابت ہوں۔ محفوظ النبی خان نے کہا کہ یونیورسٹی سینیٹ میں انجمن ترقی اردو کی نشست سےکو دوام بخشنے سے متعلق فیصلہ بابائے اردو مولوی عبد الحق کو مستقل خراج عقیدت کا اظہار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تھا اگر قائد اعظم یونیورسٹی کی طرح وفاقی جامعہ اردو میں بھی سینیٹ کی جانب سے طلباء یونین کے احیاء کا فیصلہ کرلیا جاتا۔