اسٹریٹ چلڈرن سمیت اسکول جانے سے محروم لاکھوں بچوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول تعمیر کرکے داخلے دیے جائیں گے
سالانہ 100 ارب ڈالر زرمبادلہ کمانے کے لیے ہتھیار اٹھالیا،مولانا بشیر فاروق
یہ ہتھیار اللہ کا وہ حکم ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تم بندے کا کام کرتے جاؤ،میں تمہارا کام کرتا جاؤں گا
اگلی صدی چین کی صدی ہے،جدید ترین چیئریٹی اسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی قائم کریں گے،حاجی عبدالمجید پردیسی
سیلانی کا نام سنا تھا،آج کام دیکھ کر تعریف کے لیے الفاظ نہیں ،قونصل جنرل عمان،المحسن سویٹ ہوم میں تقریب سے خطاب
کراچی (رپورٹ: عابد حسین) سیلانی نے ملک بھر میں تعلیم اور ہنر عام کرنے کے لیے ’’امید کی کرن ‘‘کے نام سے نئے تعلیمی منصوبےکا اعلان کردیا ۔اس منصوبے کے تحت اسٹریٹ چلڈرن سمیت اسکول جانے سے محروم لاکھوں بچوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول تعمیر کرکے داخلے دیے جائیں گے۔
سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین مولانامحمد بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہ ملک میںسالانہ 100 ارب ڈالر زرمبادلہ لانے کا مشن جلد پورا ہوگاکیونکہ ہم نے زرمبادلہ کمانےکے لیے ہتھیاراٹھالیا ہے۔
یہ ہتھیار کوئی روایتی ہتھیار نہیں بلکہ اللہ کا وہ حکم ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تم بندے کا کام کرتے جاؤ،میں تمہارا کام کرتا جاؤں گا۔سیلانی ماس آئی ٹی پروگرام کے علاوہ صدر اور گورنر کےآئی ٹی پروگرام جیسے منصوبوں سے اس مشن کی تکمیل میں پیش رفت جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کو المحسن سویٹ ہوم اینڈ ایجوکیشنل کمپلیکس کورنگی میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کیا۔
تقریب میں ملک بھر میں تعلیم اور ہنر عام کرنے کے لیے ’’امید کی کرن ‘‘کے نام سے نئے تعلیمی منصوبےکا اعلان بھی کیا گیا۔اس منصوبے کے تحت اسٹریٹ چلڈرن سمیت اسکول جانے سے محروم لاکھوں بچوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول تعمیر کرکے داخلے دیے جائیں گے۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے تاہم وہ لاہور میں اپنی اچانک شروع ہونے والی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے۔
تقریب سے قونصل جنرل سلطنت عمان انجینئر سمیع عبداللہ سلیم الخنجاری ،المحسن سویٹ ہوم اینڈ ایجوکیشنل کمپلیکس کے بانی حاجی عبدالمجید پردیسی ،حمزہ تابانی،سیلانی ٹرسٹ کے سی او او غزال الیاس نے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں سابق وفاقی وزیر اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی حاجی حنیف طیب ،افضل چامڑیہ، امجد چامڑیہ کے علاوہ سیلانی ٹرسٹ کے ارکان اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیلانی ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں تمام شرکاء اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی نے مخیر حضرات اور عوام کے تعاون سے گزشتہ 24 سال میں 60 ارب روپے انسانیت کی خدمت پر خرچ کیے۔صرف گزشتہ سال 13 ارب روپے خدمات کے 63 شعبوں میں خرچ کیے گئے۔انہوں نے کہا سیلانی کا مشن ہے کہ قیامت تک انسانیت کی خدمت کی جائے۔ترکی میں گزشتہ سال 8 فروری کو زلزلہ آیا تو اگلے 48 گھنٹے میں ہم ترکیہ پہنچ چکے تھے۔ترک حکومت کے تعاون سے متاثرین کی مدد کی گئی۔
اسی طرح آج کل غزہ کے مسلمانوں کو خوراک پہنچاکر مدد کی جارہی ہے۔پاکستان ائر فورس نے غزہ متاثرین تک خوراک اور امدادی اشیاء پہنچانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
قونصل جنرل سلطنت عمان انجینئر سمیع عبداللہ سلیم نے کہا کہ انہوں نے سیلانی کا نام سنا تھا ،آج کام دیکھ کر اندازہ ہوا کہ یہ بہت بڑا کام کررہے ہیں، انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے الفاظ کہاں سے لاؤں۔
انہوں نے اس امر کا اعتراف کیا کہ پاکستان کے مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دیتے ہیں جبکہ ہماری عرب ریاستوں میں امیر لوگوں کے بجائے صرف حکومتیں ہی فلاحی کاموں پر خرچ کرتی ہیں۔انہوں نے پاکستان اورسلطنت عمان کی مضبوط دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
حاجی عبدالمجید پردیسی نے یتیم اور بے سہارہ بچوں کے قیام و طعام کے لیے المحسن سویٹ ہوم کے قیام و طعام کے اعلیٰ انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک بیٹا محسن حادثے میں شہید ہوگیا تھا جس کے بعد انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے محسن سے موسوم ادارے کی بنیاد رکھی۔اس وقت یہاں 100 سے زائد باپ کی شفقت سے محروم بچے داخل ہیں جبکہ مزید بچوں کی نہ صرف گنجائش باقی ہے بلکہ عمارت میں توسیع کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔
اسی کمپلیکس میں اولڈ ایج ہاؤس اور ،ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور گرین ایجوکیشن سسٹم کے تحت چلنے والے ادارے موجود ہیں۔اس ادارے کو وقت کے ساتھ ساتھ ضرورت کے مطابق توسیع دی جاتی رہے گی۔
انہوں نے کورنگی میں مہرالنساء چیئریٹی اسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ اس اسپتال میں کراچی کے سب سے مہنگے اسپتال سے زیادہ اچھی سہولیات دی جائیں گی ۔اس کے علاوہ چینی زبان سکھانے کے کورس شروع کیے جائیں گے کیونکہ اگلی صدی چین کی صدی ہے۔
اس لیے جو شخص یہ زبان سیکھے گا وہ بہترین ملازمت حاصل کرسکے گا۔تقریب کے اختتام پر معززین شہر نے سویٹ ہوم اور ایجوکیشنل کمپلیکس کا دورہ کیا۔