کراچی (پاک نیوز 24) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ حضرت امام حسن وحسین رضی اللہ عنہم کی محبت بہت ضروری ہے،ہر مسلمان کو امام حسن وحسین سے محبت ہے،کوئی مسلمان ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ جسے ان حضرات سے محبت نہ ہو،ہمارے آقا ﷺ نے ان سے محبت کا درس دیا ہے،ان کی محبت ایمان کا پھل ہے،البتہ یہ الگ بات ہے کہ کوئی عقیدے کی گمراہی،نفس کی شرارتوں میں آکر ان حضرات سے محبت نہ رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ اہلبیت سے مراد ازواج مطہرات،بنات رسول حضرت خاتون جنت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا،حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم اور حضرت امام حسن وحسین رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین داخل ہیں،اہلبیت کی پاکی خود رب کریم بیان فرماتا ہے،یہ ہمارے آقا ﷺ کی خصوصیات میں سے ایک خصوصیت ہے کہ نسل بی بی فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے چلی ہے،اس میں عقل کے گھوڑے دوڑانے کی ضرورت نہیں ہے،اللہ پاک چاہتا توسرکار ﷺ کے بیٹوں سے بھی نسل چلواتا اور دستور باقی رہتا،مگر نہیں،یہ ہم غلاموں کی کسوٹی ہے،سرکار ﷺ نے جو فرمایا وہ حق ہے۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ بدبخت یزید نے امام عالی مقام اور آپ کے رفقاء کو تین دن بھوکا پیاسا رکھ کر شہید کروایا،سجدے کی حالت میں امام عالی مقام کا مبارک سر جسم سے جدا کیا گیا، کربلا کے معرکہ میں کسی کا بیٹا،تو کسی کا بھائی شہید ہوا، یزید کے ایسے گھناؤنے ظلم ہیں کہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،تاریخ میں اس سے بڑا کوئی کالا دھبہ نہیں ہے جو یزید نے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ دنیا کی محبت اچھی نہیں ہے،اسی دنیا کی محبت میں ظالم یزید نے اپنے نبی کے نواسے اور ان کے خاندان پر ظلم کیلئے اسلام کی حدیں توڑیں، اس کی حکومت تھوڑے عرصہ کی تھی،اب قیامت تک لوگ اس پر پھٹکار بھیجتے رہیں گے، اللہ ہمیں امام حسین اورشہدائے کربلا کی محبت میں زندہ رکھے اور انہی کی محبت میں ایمان پر ہمارا دم نکلے۔