سابق رکنِ سندھ اسمبلی و رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم جاوید حنیف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی شہری سندھ سے نمائندگی کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے، ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کے پلان میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان جاوید حنیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کئی سال سے دھاندلی زدہ اکثریت کی بنیاد پر سندھ پر قابض ہے، اب پیپلز پارٹی بذریعہ جعلی حلقہ بندی کراچی اور شہری سندھ پر قبضے کا پلان بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو آئینی ادارے کی آڑ لے کر سیاسی بدمعاشی نہیں کرنے دیں گے۔
جاوید حنیف کا کہنا تھا کہ ابھی تو جدوجہد شروع ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو روز پریس کانفرنس کرنا پڑے گی، پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو نشانہ بنانے کے بجائے اپنے 15 سالہ دورِ حکمرانی کا جواب دے۔
جاوید حنیف نے کہا ہے کہ سندھ کے اسکولوں میں تعلیم نہیں، گھروں میں پینے کا پانی نہیں، سڑکیں نہیں، برسوں سندھ حکومت پر قابض اور ملک کے صدر، وزیرِ اعظم بنانے والی پیپلز پارٹی نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔