کراچی (پاک نیوز24)صوبائی وزیر ترقیات و منصوبابندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو ٹارگٹ کے مطابق مکمل نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائیگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ترقیاتی اسکیموں کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ پی اینڈ ڈی کے اعلیٰ سطح اجلاس کے موقع پر کیا۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم احمد شاہ، اسپشل سیکریٹری پی اینڈ ڈی زبیر احمد چنہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ترقیاتی اسکیمیں مقررہ وقت پر مکمل نہ کرنے پر وزیر ترقیات و منصوبہ بندی نے سخت برہمی کا اظہار اور متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی اسکیمیں معیار کے ساتھ دیئے گئے ٹائم فریم میں مکمل کی جائیں بصورت دیگر وہ سستی و کاہلی برتنے والے افسران کے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کے ساتھ کھڑا ہوں ترقیاتی اسکیمیں ریوائزڈ کرنے کے حق میں نہیں ہوں تاخیری حربوں سے ناصرف تخمینے اور لاگت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کی دولت ضایع ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ہدایات کے مطابق ہمیں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنا ہیں۔ ترقیاتی اسکیموں کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے اور انہیں زحمت سے بچانے کیلئے واحد ذریعہ جلد از جلد ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل ہے اور یہی وجہ سے اس سال حکومت نے کوئی بھی نئی اسکیموں کی منظوری نہیں دی ہے بلکہ تمام جاری اسکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ترجیحات ہیں۔ ناصر شاہ نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ جو اسکیمیں مکمل ہوچکی ہیں وہ جلد ہی چیئرمین پی اینڈ ڈی کے ہمراہ ان اسکیموں کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مقررہ وقت پر معیار کے ساتھ اسکیمیں مکمل اور دیگر افسران کو تقلید کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو اسکیمیں سست روی کا شکار ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر ترقیات و منصوبابندی نے اس موقع پر افسران کو یقین دلایا کہ جو اسکیمیں بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے یا کسی اور وجہ سے رکی ہوئی ہیں اسکی فہرست انہیں دی جائے ،وہ رکاوٹ بننے والی تمام وجوہات وک دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے اور عوام کو ریلیف دینے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ناقابل برداشت ہے۔ اجلاس میں پی اینڈ ڈی کی تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کا ایک ایک کرکے جائزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام تر قانونی تقاضوں کے بعد معیار کے ساتھ تمام اسکیموں کو مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں شاپنگ سینٹرز کے اطراف عوام کو پارکنگ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پارکنگ پلازہ اور خاص طور پر زینب مارکیٹ کے قریب زیر زمین پارکنگ کے سسٹم کو مربوط اور مستحکم بنانے پر بھی بات کی گئی ۔ ریونیو اکٹھا کرنے اور پارکنگ سہولیات کی دیکھ بھال کیلئے میکنزم تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اسکیموں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے مناسب فزیبلٹی اسٹیڈیز کرانے کی ضرورت پر بھی اجلاس میں زور دیا گیا۔ پی پی آر پی منصوبے میں مقامی کمیونٹی کی شمولیت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں عوام کو سستے مکانات کے حوالے سے بھی غورو خوض کیا گیا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ منصوبوں میں اونرشپ بڑھانے کیلئے مقامی و سیاسی شخصیات کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور انہیں شامل کیا جائے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا۔