اسلام آ باد (پاک نیوز24)وزارت مواصلات اور وزارت تجارت نے چین اور پاکستان کی مختلف کمپنیوں اور کارباری اداروں کے ساتھ “جوائنٹ وینچرز”کیلئے پالیسی تیار کر لی ،پاکستان کے7بڑے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چینی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا اس سیشن میں چین سے78اور پاکستان سے167کاروباری ادارے شریک ہوں گے ،جس سے سرمایہ کاری کے شعبے میں بڑی پیشرفت متوقع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی بریفنگ میں کیا گیا۔ وفاقی وزرا کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں کے اشتراک سے پاکستان کے تجارتی حجم میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ممکن ہے ۔ عبدالعلیم خان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور چین کی ان کمپنیوں سے رابطوں کو فوری طور پر حتمی شکل دیں ،اس مقصد کے لئے بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ خارجہ، تجارت،صنعت و پیداوار، فوڈ سکیورٹی اور میری ٹائم کی وزارتوں سے بھی رابطے مکمل کئے جائیں ،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو پاک چین تجارتی روڈ میپ کیلئے تفصیلات باقاعدہ وزیر اعظم کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ضروری امور کیلئے مزید پیشرفت ہو سکے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ میں کہا کہ وزارت تجارت کو بورڈ آف انویسٹمنٹ سے مکمل رابطے اور تعاون کی ہدایت کی گئی ہے ، وفاقی سیکرٹری برائے سرمایہ کاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے 7بڑے شعبوں میں طبی و جراحی آلات، پلاسٹک، کلوتھنگ، چمڑے کی صنعت،خوردنی گوشت، پھل و سبزیاں اور ویسٹ و چارہ کے سیکٹر شامل ہیں ۔