کراچی (پاک نیوز 24)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنس (IPS-JSMU) کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)سے فارماکولوجی، فارماسیوٹکس، فارماکگنوسی اور فارمیسی پریکٹس میں ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) پروگرام شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ وائس چانسلر JSMU پروفیسر امجد سراج میمن نے کہا “JSMU میں پی ایچ ڈی کے ان نئے پروگراموں کو شروع کرنے کے لیے HEC کی منظوری حاصل کرنا ایک کامیابی ہے کیونکہ ہم جدید فارماسیوٹیکل تعلیم اور تحقیق کے لیے ایک سرکردہ ادارے کی حیثیت رکھتے ہیں۔” انہوں نے کہا، “یہ نئے پی ایچ ڈی پروگرام ہمارے فیکلٹی اور طلباء کو علم کی حدود کو آگے بڑھانے اور فارماسیوٹیکل سائنسز کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے بااختیار بنائیں گے۔” شبعہ فارمیسی کی پرنسپل پروفیسر ہما علی نے کہا، “شعبہ فارمیسی میں ان پی ایچ ڈی پروگراموں کا آغاز ایک سنگ میل ہے جو فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اور ریسرچ میں ایک مرکز کے طور پر ہماری ساکھ کو مزید مضبوط کرے گا۔” “ہم اپنے طلباء کی جدید تحقیق کو آگے بڑھانے اور فارماسیوٹیکل فیلڈ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔” متعلقہ پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے منظور شدہ فیکلٹی ممبران میں شبعہ فارماکولوجی سےڈاکٹر حمیرا صدیقی، ڈاکٹر نور العین، ڈاکٹر سمیع اللہ برکی اور ڈاکٹر شفق محبوب خان، شعبہ فارماسیوٹکس سے پروفیسر ڈاکٹر ہما علی، ڈاکٹر شاہین پروین، ڈاکٹر یسرہ شفیق، اور ڈاکٹر فوزیہ اسرار، جبکہ شعبہ فارماکگنوسی میں پروفیسر ہما شریف، ڈاکٹر شہلا امام، ڈاکٹر بشریٰ حنا، اور ڈاکٹر ثمیرا اسحاق اور شعبہ فارمیسی پریکٹس سے ڈاکٹر صدف نعیم، ڈاکٹر سکینہ فاطمہ، اور ڈاکٹر حنا رحمان شامل ہیں۔جامعہ ان پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے فیکلٹی میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں HEC کوالٹی ایشورنس ڈویژن (QAD) کو مطلع کرے گی۔