کراچی ( رپورٹ: عابد حسین) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔
یہ ناجائز قبضہ اتنے سال گذرنے کے باوجود آج بھی جاری ہے۔ اس تمام عرصے میں بھارت نے معصوم، نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر انسانی تاریخ کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھارت کے ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وحشیانہ بھارتی بربریت کے باوجود کشمیری آزادی کی شمع جلائے ہوئے ہیں اور میں تمام شہداءکو اور ان کے ورثاءکوجو کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے، سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کے باوجود کشمیری بھائیوں کی تحریک مزید ابھر رہی ہے۔ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے۔
بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ظلم کی شب طویل سہی ایک دن ضرور ختم ہوگی اور کشمیر بھائی بہت جلد آزاد فضاﺅں میں سانس لے رہے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سماجی حمایت جاری رکھے گا۔
ہم آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد اور ان کی عظیم قربانیوں کو ضایع نہیں ہونے دیں گے۔
اور ہم اللہ سے دُعا کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے اور کشمیر کو آزادی ملے ۔