میڈرڈ(پاک نیوز 24)ہوائی سفر کے دوران اکثر کچھ ایسے واقعات رونما ہو جاتے ہیں جو مسافروں کو خوف میں مبتلا کر دیتے ہیں۔حال میں ایسا ہی واقعہاسپین کی فضائی کمپنی ایئر یورپا کو پیش آیا جب پرواز فضا میں تیزی سے جھولنے لگی جس کے نتیجے میں شدید جھٹکوں سے 30 مسافر زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ ایک مسافر سیٹ سے اُڑ کر اوپر سامان رکھنے والے ریگ میں جاکر پھنس گیا، جسے شدید زخمی حالت میں نیچے اتارا گیا۔ذرائع کے مطابق اسپین کی ایئر یورپا بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر برازیل میں شدید ہچکولوں کا شکار ہوئی ہے، جس کے بعد مسافر طیارے کی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ۔ہنگامی لینڈنگ کا واقعہ پیر کو پیش آیا ہے جہاں جہاز میں شدید جھٹکوں سے 30 مسافر زخمی ہو گئے جبکہ مسافر اپنی جگہ سے اٹھ کر تتر بتر ہو گئے۔رن وے پر ایمبولینسیں مسافروں کو طبی امداد دینے کے لیے پہلے سے موجود تھیں۔ 10 زخمی مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والوں کو سر میں چوٹیں آئیں کچھ کو فریکچر ہوگیا اور کئی کے چہرے پر زخم آئے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر شدید پریشانی اور ہڑبڑائی صورتحال کا شکار ہیں جبکہ مسافر جہاز کی چھت اور سامان رکھنے کی جگہ پر پھنسا ہوا ہے۔نیو یارک پوسٹ کے مطابق پرواز اسپین کےشہر میڈرڈ سے یوروگوائے کے دارالحکومت مونتیویڈیو جا رہی تھی، تاہم شدید جھٹکوں کے باعث پرواز کو برازیل کے ناتال ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔اسپین کی تیسری بڑی فٖضائی کمپنی کی اس پرواز میں 325 مسافر سوار تھے، تاہم ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آکسیجن ماسکس اور سیٹس تباہ ہو چکی ہیں ۔دوسری جانب ایئر یورپا کی جانب سے بیان میں کہنا تھا کہ پرواز بنا کسی مسئلے کے لینڈ کر گئی تھی، جبکہ ایئرلائن حکام کا مزید کہنا تھا کہ نئی پرواز کے ذریعے مسافروں کو منزل تک پہنچا دیا گیا ہے ۔یوروگوائے کے وزیر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مسافروں کو ناتال شہر کے مانسینہر والفریدو گورجیل اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔تاہم ابھی تک طیارے میں ان غیر معمولی جھٹکوں کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم ایک جدید تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ماحولیات کی تبدیلی سے دوران پرواز جھٹکوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔