اسلام آباد (پ ر) رائل مراکش فضائیہ کے انسپکٹر میجر جنرل محمد غادي نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی اقتصادی تعلقات اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر مبنی خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے افواج کے درمیان دوطرفہ تربیت اور ملاقاتوں سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔
معزز مہمان نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی مستقل کوششوں اور بلند عزم کا اعتراف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔