کراچی(اسٹاف رپورٹر): یلانی ویلفیئر کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروقی اور چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب نے دیگر اہم شخصیات کی موجودگی میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور تختی کی نقاب کشائی کی ،اس منصوبے کو نیا ناظم آباد میں’’ تعلیمی شہر ‘‘کا حصہ قرار دیا گیا ہے ۔معزز مہمانوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی بھی کی ۔بعد ازاں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ یہ منصوبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ثابت ہوگا ۔اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں آئی ٹی ماہرین اور مختلف ہنر کے حامل افراد تیار کیے جائیں گے تاکہ انٹرنیشنل مارکیٹ کو پاکستان سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد مل سکیں۔مولانا بشیر فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے قرضے اتارنے میں سیلانی کے تربیت یافتہ نوجوان اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ہمارا ہدف ہے کہ ایک کروڑ نوجوان تیار کیے جائیں جو سالانہ ایک ارب ڈالر کمانے کے قابل ہوں تاکہ ملک کے معاشی مسائل حل ہوسکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ نیا ناظم آباد میں 500 بستر کا اسپتال زیر تعمیر ہے اور آج نئے تعلیمی شہر کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔اس کے علاوہ کالج اور جامعہ نیا ناظم آباد کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔یہ تمام منصوبے ناصرف نیا ناظم آباد بلکہ تمام قریبی علاقوں کے لیے بھی کھلے ہوں گے اور لوگ ان سے استفادہ کرسکیں گے۔