کراچی(پاک نیوز24)سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا جویوم آزادی تک جاری رہے گی،سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے مہم کا باقاعدہ آغاز چار مینار چورنگی کے قریب پودے لگاکر کیا۔اس موقع پر شہریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں سیلانی کے تحت شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے جو 14 اگست تک جاری رہے گی۔قومی شجر کاری مہم کے دوران پانچ ہزار پودے لگانے اور تقسیم کرنے کا فریضہ انجام دیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب جمعرات کو سیلانی ہیڈ آفس واقع بہادرآباد چار مینار چورنگی پر منعقد ہوئی۔ سیلانی ویلفیئر کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے چار مینار چورنگی کے قریب پودے لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور شہریوں میں پودے مفت تقسیم کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا بشیر فاروق قادری نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی ﷺ ہے۔درخت ماحول کو آلودہ ہونے سے بچاتے ہیں۔پوری دنیا میں موسمیاتی تغیر کی وجہ سے اس سا ل پا کستان میں میں طویل دورانیے کی شدید گرمی پڑی ہے اور اس کی وجہ درختوں کی کمی ہے۔ہمیں نہ صرف پودے لگانے ہیں بلکہ ان کی آبیاری اور مکمل دیکھ بھال بھی کرنی ہے۔یہی پودے چند سال بعد درخت بن کر ماحول کو معتدل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس بے شمار اراضی بے کار اور خالی میدانوں کی شکل میں موجود ہے۔اگر حکومت بڑے پیمانے پر درخت لگانا چاہتی ہے تو یہ ذمہ داری سیلانی کو بھی دی جائے ،سیلانی اپنے وسائل سے دو لاکھ پودے لگانا چاہتی ہے۔سیلانی کا مشن ہے کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو سرسبز و شاداب پاکستان میں کام کرنے کا پورا موقع ملے ۔اس موقع پرٹرسٹی عارف لاکھانی اور سیلانی شجر کاری مہم کے انچارج محمد مذمل بھی موجود تھے۔