کراچی (پاک نیوز24 ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہری وفاق کا ٹیکس دیں لیکن ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کا ٹیکس بھی ادا کریں، یہ وہ شہر ہے جو ملک چلا رہا ہے، شہری ہمارا ساتھ دیں تو ہمیں وفاق اور سندھ کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، یہ بات انہوں نے ہفتہ کوکے ایم سی ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں شہر میں بارشوں کے حوالے سے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، میئر کراچی نے کہا کہ بارش اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے زحمت نہیں، کے ایم سی کے زیر انتظام تمام سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے بڑے اور چھوٹے پمپس موجود ہیں، تنقید کرنے والے کب تک تنقید کریں گے ہم مثبت سوچ کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں، اندورن شہر کچھ مسائل ہیں جس کی وجہ سے برساتی پانی کی نکاسی میں وقت لگتا ہے،انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تمام برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے، ہم نہیں کہتے کہ تمام مسائل حل کرلئے گئے ہیں ابھی کچھ چیلنجز موجود ہیں لیکن شہریوں کے تعاون سے جلد ان چیلنجز پر بھی قابو پالیں گے، انہوں نے کہا کہ میں دوسروں پر تنقید کرنے پر یقین نہیں رکھتا اور خدمت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جو ہم ادا کر رہے ہیں۔