کراچی:- (عابد حسین ) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی خصوصی ہدایت پر واٹر کارپوریشن حکام نے آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شہر بھر میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز کے اردگرد نکاسی آب کی مختلف شکایات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
جبکہ ممکنہ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف میں سیوریج لائنوں اور مین ہولز کی جیٹنگ و سکشن مشینیں سے ڈیسیلٹنگ اور صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن کی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آٹھ فروری الیکشن کے دن مختلف پولنگ اسٹیشنز کے اطراف میں ہائیڈرنٹس سیل کی جانب سے واٹر ٹینکرز سمیت جیٹنگ و سکشن مشینیں موجود رہیں گی تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا دشواری کا سامنا کرنا نہ پڑے جبکہ کسی بھی شکایات یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واٹر کارپوریشن کا عملہ بھی موجود رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن شہریون کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں دن رات کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیلات کے باوجود واٹر کارپوریشن کا عملہ اپنے فرائض سر انجام دینے میں مصروف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر دیگر مسائل بالخصوص شہر بھر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون اور اقدامات کر رہی ہے۔