کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی کی زیر صدارت میں کراچی ڈویژن کے منعقدہ اہم اجلاس میں 3 اپریل کو لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں پرجوش طریقے سے شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس بار شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام 3 اپریل کو رات 9 بجے لاڑکانہ میں منعقد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس ڈویژن کے صدر سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، مرزا مقبول، راجہ رزاق، عاجز دھامرا، نجمی عالم، امان اللہ مسعود کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ کے صدور و جنرل سیکرٹریز، ذیلی ونگز پیپلز یوتھ، پیپلز لیڈیز ونگ، پیپلز ڈاکٹر فورم، منارٹی ونگ، لائرز فورم کے صدور و عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید مرتضٰی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر استاد مسرور احسن کو سینیٹ کے لئے پارٹی کی جانب سے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس میں 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں لاڑکانہ میں 3 اپریل کی رات 9 بجے ہونے والے جلسہ عام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعید غنی نے کہا کہ انشاء اللہ کراچی سے پارٹی کے تمام عہدیدار، ذمہ داران، بلدیاتی یوسی ناظم و کونسلرز سمیت جیالوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عدالتی قتل ہونے کے واضح فیصلے کے آنے کے بعد یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ایک آمر ضیاء نے اپنی دشمنی کی پھینٹ چڑھایا۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ برسی رمضان المبارک میں ہونے کے باوجود بھی تمام پارٹی عہدیداران و ذمہ داران لازمی 3 اپریل کے جلسہ میں شرکت کریں گے۔