کراچی(رپورٹ: عابد حسین) گلوبل عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے بم دھماکوںکے نتیجے میں شہریوں کے جانی نقصان پرگہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
دعا گو ہیں انتخابات کا مرحلہ پرامن طور پر گزر جائے اللہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ عافیہ موومنٹ ہر طرح کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے ۔
دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر سے نمٹنے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی نئی حکومت پر عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ معرض وجود میں آنے والی نئی اسمبلیوں کو قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا فرض اور قرض ادا کرنا ہو گا۔
یہ حقیقت تاریخ کا حصہ بن چکی ہے کہ 2008ئ، 2013ءاور 2018ءکے عام انتخابات کے نتیجے میں برسراقتدار آنے والی تینوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی الیکشن جیتے گا اسے عافیہ کو رہا کرانے کا فرض اور قرض ادا تو کرنا ہی ہو گا۔ ڈاکٹر عافیہ لیڈرشپ پرکھنے کی کسوٹی بن چکی ہے۔