کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلپ مورس (پاکستان) لمیٹڈ۔ پی ایم پی کے ایل لیف (پی کے لیف) نے تمباکو کے کاشتکاروں کے بچوں کو ہنر مندبنانے کیلئے 2024کیلئے اسکلز ٹریننگ پراجیکٹ کا ایک اور مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا۔ پی ایم پی کے ایل لیف ہر سال کمپنی کیلئے کام کرنے والے تمباکو کے کاشت کاروں کے بچوں کو تربیت فراہم کرتا ہے۔عام طور پر یہ پراجیکٹ جون سے اگست تک ایسے وقت میں منعقد کیا جاتا ہے جب بچے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران فارغ ہوتے ہیں اور تمباکو کے کھیتوں میں چائلد لیبر کا شکار ہوسکتے ہیں کیونکہ اس مدت میں تمباکو کی فصل کی کٹائی اور خشک کرنے کا عمل عروج پر ہوتا ہے۔پراجیکٹ کے تحت بچوں کو تجارتی مہارتوں کے بارے میں بنیادی تعلیم دی جاتی ہے، انہیں الیکٹریشن اور ٹیلرنگ کی عملی تربیت کے علاوہ ایگری کلچر/ ہارٹی کلچر سائنس (پودوں میں پیوندکاری وغیرہ)، لڑکوں کیلئے بنیادی صحت اور حفظان صحت، فوڈ پراسسنگ اور انہیں محفوظ بنانا (فروٹ سیرپ، ویجیٹل پیوری وغیرہ) اور لڑکیوں کیلئے بنیادی صحت اور حفظان صحت کے حوالے سے ہفتہ وار اضافی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ تربیت کی تکمیل پر 896(448لڑکوں اور 448لڑکیوں) کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز دی گئیں۔تربیت مکمل کرنے والے ٹرینیز کی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے لڑکوں کو بلڈنگ الیکٹریشن ٹول کٹ اور لڑکیوں کو سلائی مشین دی گئیں۔ اس تقریب میں ٹرینیزکے تیار کردہ پروڈکٹس اور منصوبوں کی نمائش بھی کی گئی جس سے ان کی مہارت اور پراجیکٹ کے دوران حاصل ہونے والے علم کی عکاسی ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منیجر سوشل سسٹین ایبیلیٹی سید محمد سیلمان گل نے کہا کہ 2021سے لے کر اب تک پراجیکٹ کے تحت 3ہزار سے زائد بچوں کو ا سکلز ٹریننگ فراہم کرتے ہوئے انہیں قیمتی مہارتوں سے لیس کیا گیا اور انہیں ترغیب دی گئی کہ وہ مستقبل میں چھوٹے پیمانے پر اپنا خود کا کاروبار شروع کریں۔