کراچی (پاک نیوز24) 15 برس بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نوابشاہ سے تعلق رکھنے والوں کو نہ مل سکی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے،۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے، ان کے مقابلے میں کسی رکن نے الیکشن نہیں لڑا۔ سندھ اسمبلی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں چھ ارکان پیپلز پارٹی جبکہ ایک رکن آزاد گروپ کا ہے، ایم کیو ایم کا ایک بھی رکن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شامل نہیں۔ 15 برس بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نوابشاہ سےتعلق رکھنےوالوں کو نہیں ملی۔ پیپلزپارٹی کےگزشتہ 3 ادوار میں جام تماچی انڑ، سلیم جلبانی، غلام قادر چانڈیو چیئرمین پی اےسی رہے ہیں اور تینوں سابق چیئرمین پی اےسی کا تعلق نوابشاہ ضلع شہید بےنظیرآباد سےتھا۔پیپلز پارٹی کے محمود عالم جاموٹ کو قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات و جنگلات کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا، فرزانہ حنیف کو قائمہ کمیٹی برائے کوآپریٹو جبکہ ریحانہ لغاری کو قواعد وضوابط کی چیئرپرسن منتخب کیا گیا۔ ایم کیو ایم ارکان نے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کے لئے پیپلز پارٹی کی حمایت کی ہے۔