اسلام آباد (ڈیسک رپورٹ): پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے خلیج عمان میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت کے دوران رائل عمان نیوی کے جہاز السیب کے ساتھ بحری مشق میں حصہ لیا۔ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی حکمت عملی کو فروغ دینا اور خطے میں مشترکہ آپریشنز کرنے کے لیے صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ قبل ازیں پی این ایس یرموک نے عمان کا دورہ بھی کیا جہاں جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے عمان کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک بحریہ بحری سلامتی کو لاحق خطرات کے خلاف علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے تحت دیگر بحری افواج کے ساتھ باقاعدگی سے تعاون کرتی ہے۔ پاک بحریہ، سمندر میں قانون کی بالادستی، بحری نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے اور اپنی قومی ذمہ داری کے تحت بحری جنگی جہازوں کو ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول(RMSP) پر باقاعدگی سے تعینات کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے ہونے والی مشترکہ کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔