کراچی(اسٹاف رپورٹر): پاک بحریہ نے میری ٹائم کا عالمی دن منایا۔ اس سال ورلڈ میری ٹائم ڈے کا موضوع ‘مستقبل کی جہازرانی: حفاظت سب سے پہلی یے(Navigating the Future: Safety First)
سن 1974 میں اپنائے جانے والےسمندر میں انسانی جان کی حفاظت کے بین الاقوامی کنونشن کو رواں سال 2024 میں 50 سال مکمل ہو رہے ہیں، جو سمندری تحفظ کویقینی بنانے کے لیے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا اہم معاہدہ ہے۔
یہ دن ہر سال معاشی ترقی میں میری ٹائم سیکٹر کے کردار کو اجاگر کرنے اور شپنگ سیفٹی، میری ٹائم سیکیورٹی اور سمندری ماحول کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔
رواں سال، ورلڈ میری ٹائم ڈے کا موضوع اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے ایجنڈا 2030 کے ساتھ منسلک ہیں، خاص طور پر ایس ڈی جی -7 جس کا مقصدتحقیق اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو آسان بنا کر سستی، قابل اعتماد، پائیدار اور جدید توانائی تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
پاک بحریہ کے تمام بحری پلیٹ فارمز اور ساحلی تنصیبات پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاتے ہیں۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پائیدار اور ماحول دوست قوانین کی جانب دنیا کی منتقلی سے قومی مفادات کو ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے میری ٹائم سیفٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا جو غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے سمندری اور ماحولیاتی تحفظ کی پاسداری کے لیے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جس میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس (ایم سی ای) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (نیما) کے زیر اہتمام پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔
اس دن کی مناسبت سے دیگر سرگرمیوں میں پاکستان میری ٹائم میوزیم میں میری ٹائم گالا، آگاہی واک، بینرز آویزاں کرنا، بحریہ کالجز/ یونیورسٹیوں میں میری ٹائم آگاہی لیکچرز اور فیلڈ کمانڈز میں مضمون نویسی کے مقابلے شامل تھے۔ میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات عوام میں بحری آگہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔