کراچی، 21 نومبر 2023 : پاک بحریہ کے صنعتی سیمینار کا انعقاد بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے مختلف صنعتوں کے نمائندوں اور علمی ماہرین کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی مسلسل ترقی کر رہی ہے اور مسلح افواج کو بھی بدلتی ٹیکنالوجی کی رفتار کے ساتھ چلنا ہے جس کے لیے مقامی صنعت اور تعلیمی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی سیمینار مقامی صنعتوں کو ٹیکنالوجی سے مزین پاک بحریہ کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا اہم موقع فراہم کرے گا۔
تکنیکی طور پر مشکل ماحول میں نجی شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے امیرالبحر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ اور مقامی صنعتیں مل کر خود انحصاری کے ہمارے مقصد کو حاصل کریں گی۔ مختلف اداروں کے مقررین نے بھی سیمینار میں خود مختاری اور خود انحصاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران، معززین، مقامی صنعت کے نمائندوں اور دانشوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز(نیوی)