کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ کے لیے دو طرفہ براہ راست پروازیں شروع کر دیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی کوئٹہ سے جدہ کی پہلی براہ راست پرواز پی کے 767 کوئٹہ ایئرپورٹ سے141 مسافروں کو لے کر منگل کی رات روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کوئٹہ سے جدہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی۔
جدہ کے لئے پی آئی اے کی براہ راست پرواز کے آغاز پر کوئٹہ ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور اراکین صوبائی اسمبلی بلوچستان، پی آئی اے کے جنرل منیجر پیسنجر سیلز محمد شفیق اور ایئر لائن کے دیگر اعلیٰ حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب میں کیک کاٹا گیا۔ مسافروں نے کوئٹہ جدہ پرواز شروع کرنے پر پی آئی اے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا جس سے اب کوئٹہ تا جدّہ براہ راست پروازوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیاہے۔ مسافروں کے پاس اب پاکستان کے دیگر شہروں سے جدّہ کے لئے پی آئی اے پروازوں کے علاوہ عمرہ کے لیے کوئٹہ سے براہ راست جدہ جانے کی سہولت میسر آگئی ہے۔