کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب ایک تاریخی ادارہ ہے جس نے جمہوریت کی بقا کے لئے اہم کردار ہے۔
منگل کو چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کراچی پریس کلب دورہ کیا۔صدرسعید سربازی وسیکرٹری شعیب احمد اور مجلس عاملہ نے انہیں کراچی پریس کلب آمد پرخوش آمدید کہا۔ چیف سیکریٹری سندھ کو صدروسیکریٹری اور اراکین گورننگ باڈی نے سندھی اجرک اور کلب کا سوینئیر پیش کیا اور کراچی پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔
اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف ، ممبر گورننگ باڈی نواب قریشی ، شمس کیریو ، نور محمد کلہوڑو ، مونا صدیقی ، شعیب احمد بھی موجود تھے۔
صدر و سیکریٹری نے سالانہ گرانٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ قسط وار کر کے دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کراچی پریس کلب کو بہت سے مالی مسائل کا سامنا ہے لہذا گرانٹ کی بقیہ رقم یک مشت ادا کی جائے تاکہ مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
چیف سیکریٹری سندھ سید آصف علی شاہ نے یقین دلایا کہ کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ کی رقم جلد ادا کر دی جائے گی اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن اپنا کردار ادا کریں گے، صحافی کالونی ہاکس بے کے ترقیاتی کام اور 700 نئے ممبرز کے پلاٹس سے متعلق کاغذی کارروائی کافی حد تک مکمل ہو چکی ہے اس سلسلے میں آئندہ ہفتے ہی اجلاس طلب کر کے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔
سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا جمہوریت اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے۔میرا کراچی پریس کلب سے کافی پرانا تعلق ہے ۔صحافیوں کے لیے کراچی پریس کلب کی خدمات مثالی ہیں۔
پریس کلب کے ہمیشہ جمہوری اداروں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس حوالے سے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ۔چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں ۔ان کی جانب سے عوامی مسائل کی نشاندہی کی جاتی ہے ۔