کراچی (پاک نیوز24)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی صدارت میں ان کے دفتر میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر فول پروف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے ۔جلوس کے راستوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ خصوصی انتظامات کرے گا ، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن پانی کی فراہمی کیلئےانتظامات کرے گا، ٹریفک پولیس ٹریفک مینجمنٹ کیلئے خصوصی ٹریفک پلان بنا ئے گی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز تمام ڈپٹی کمشنرز،ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا بلدیہ عظمیٰ ،ٹاؤن ایڈمنسٹریشنز، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، بلدیہ عظمی کے افسران چیف فائر افسر دیگر محکموں کے سینئر افسران اور کے الیکٹرک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جعفر یہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید شبر رضا، سمیت منتظمین بھی موجو د تھے۔ مرکزی جلوس چہلم امام حسینؓ کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا ئیں گے۔مرکزی جلوس سمیت اندرونی علاقوں سے برآمد ہونے والے تمام چہلم کے جلوسوں کے راستوں پر صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جا ئیں گے تمام راستوں کو یقینی طور پر روشن رکھا جائے گا۔