کراچی(پ ر): پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر میں ریکروٹس بیچ 44 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، پریڈ کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر غلام عباس تھے جبکہ مسلح افواج اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ڈی جی پی سی جی بریگیڈیئر غلام عباس نے دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ بابر علی کو ‘ڈائریکٹر جنرل پی سی جی’ کی اعزازی ٹرافی سے نوازا گیا۔ دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے والے ریکروٹس اسحاق خان اور محمد ندیم کو میڈلز دیے گئے۔
مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر غلام عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کا شمار ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس کے طور پر کیا جاتا ہے جو بیک وقت سمندر اور زمین پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کوسٹ گارڈز نے 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کیں جبکہ مختلف مد میں سرکاری خزانے میں 1 ارب 15 کروڑ 60 لاکھ روپے جمع کروائے۔
خطاب کے بعد پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔