کراچی،22 جون، 2024: کے۔ الیکٹرک کے دائرہ کار کا 70 فیصد علاقہ بدستور لوڈ شیڈ سے مستثنیٰ ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی نے اپنے 2 ہزار سے زائد فیڈرز پر مشتمل نیٹ ورک کا سہ ماہی جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ موجودہ شیڈول نافذ العمل ہوچکا ہے اور کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔ صارفین کے۔ ای لائیو اَیپ اور کے۔ ای واٹس اَیپ سروس کے ذریعے تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ گزشتہ جائزہ مارچ 2024 میں لیا گیا تھا۔
کے۔ الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ہم پی ایم ٹیز پر نصب اسمارٹ میٹرز کے ذریعے اپنے نیٹ ورک پر کڑی نظر رکھتے ہیں، جس سے ہمیں کسی بھی علاقے میں بجلی کی چوری اور بلوں کی وصولی کی صورتحال سے آگاہی ملتی ہے۔ 70 فیصد نیٹ ورک کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے جب کہ زیادہ نقصان والے علاقوں میں لوڈشیڈ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 10 گھنٹے ہے۔
بلوں کی باقاعدہ ادائیگی اور بجلی کی چوری میں کمی سے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ گلستان جوہر بلاک 20، حکیم ولاز مین جناح ایونیو ملیر کینٹ، سورتی سوسائٹی ہاشم آباد اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ ایسے علاقے ہیں جنہیں لوڈ شیڈ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں سچل گوٹھ سپارکو روڈ کے ڈی اے اسکیم 33 اور مین موسمیات سے جوہر کمپلیکس یونیورسٹی روڈ تک کے علاقوں میں لوڈشیڈ دورانیہ میں 4 گھنٹے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
کے۔ الیکٹرک صارفین کے تعاون سے بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے سرگرم ہے۔ شہر میں باقاعدگی سے سہولت کیمپس لگانے کے علاوہ کے۔ الیکٹرک کی ڈسٹری بیوشن ٹیمیں اپنے نیٹ ورک پر کنڈوں کے ذریعے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز ہٹانے کے لیے مسلسل کام کررہی ہیں۔ مالی سال 24ء کے آغاز سے اب تک کے۔ الیکٹرک نے 30 ہزار کنڈا ہٹاؤ مہم چلائیں اور اس دوران بجلی کی چوری کے لیے استعمال ہونے والے 3 لاکھ 30 ہزار کلو گرام وزن کے حامل کنڈوں کو اپنے نیٹ ورک سے ہٹایا ہے۔
بعض علاقوں میں نقصانات بڑھنے سے لوڈ شیڈ دورانیہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ان میں گڈاپ میں ذیشان سوسائٹی، اورنگی میں ملت کالونی، گلشن میں صادق نگر اور جوہر میں ملک سوسائٹی جیسے علاقے شامل ہیں، جو اب لوڈشیڈ سے مستثنیٰ نہیں رہیں گے۔ مزید برآں بعض علاقوں میں لوڈشیڈ دورانیے میں 4 گھنٹے کا اضافہ دیکھا جائے گا، جن میں بلدیہ سیکٹر 9C، 9D, 9F، اور 9A نیو سعید آباد شامل ہیں۔ نقصان والے علاقوں میں چھوٹا گیٹ، آدم گبول گوٹھ، عبدالکریم گبول گوٹھ، لیاقت آباد نمبر 3 کمرشل ایریا، فردوس کالونی ناظم آباد اور نارتھ کراچی سیکٹر 11-F بھی شامل ہیں۔
کے۔ الیکٹرک اُن لوگوں کے ساتھ مخلصانہ تعاون کا خواہاں ہے جو بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ زیادہ نقصان والے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ کے۔ الیکٹرک کے ترجمان نے اس حقیقت کو واضح کیا کہ بلوں کی کم وصولی والے علاقوں میں ”مفت بجلی“ کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔