کراچی (پاک نیوز رپورٹ )
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بدھ کی شب سہراب گوٹھ میں واقع مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ مویشی منڈی میں عوامی گورنر کو دیکھ کر وہاں موجود لوگوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ مویشی منڈی کی انتظامیہ نے گورنر سندھ کا استقبال کیا اور منڈی سے متعلق انہیں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ گورنر سندھ نے بیوپاریوں اور خریداروں سے سہولیات کے حوالہ سے بات چیت کی۔ منڈی میں موجود قربانی کے جانوروں کو پیار کیا اور بیوپاریوں سے ان کی قیمتیں بھی معلوم کیں۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ مویشی منڈی میں خریدار اور بیوپاریوں کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مویشی منڈی کو ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہونے کا اعزاز حاصل ہے اس ضمن میں آئی جی سندھ پولس کو مویشی منڈی میں مزید حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاوس میں گذشتہ سال کی طرح امسال بھی 100 اونٹوں کی قربانی کی جائے گی، آج میری صاحب ثروت لوگوں سے درخواست ہے کہ غرباءکے لئے پورے سال ہی گوشت کا بندو بست کریں کیونکہ مہنگائی نے عام آدمی کی گوشت خریدنے کی سکت ہی ختم کردی ہے۔