Dhaka Internation Trade Fair-2025
کراچی(رپورٹ:عابد حسین)پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ٹی ڈی اے پی) کے عہدیداروں اور مختلف کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او)، منیجنگ ڈائریکٹرز (ایم ڈی)، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرز (ای ڈی) پر مشتمل 16 رکنی وفد جنوری 2025 میں منعقد ہونے والے ڈھاکہ بین الاقوامی تجارتی میلے میں شرکت کرے گا۔کراچی میں متعین بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب العالم نے کراچی میں تجارتی وفد سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو بنگلہ دیش آنے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے تجارتی فروغ اور تنوع پر بھی زور دیا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر نے وفد کو بتایا کہ ڈھاکہ بین الاقوامی تجارتی میلے (ڈی آئی ٹی ایف) 2025 کا 29واں ایڈیشن ڈھاکہ کے مضافات میں پوربچل میں واقع بنگلہ دیش،چین دوستی نمائش مرکز میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ مہینہ بھر جاری رہنے والا میلہ بنگلہ دیش کی وزارت تجارت نے ایکسپورٹ پروموشن بیورو (ای پی بی) کے تعاون سے منعقد کیا ہے، جس میں 361 پویلینز اور اسٹالز شامل ہیں۔میلے میں بنگلہ دیشی کاروباری اداروں کے ساتھ ساتھ ترکیہ، بھارت، پاکستان، سنگاپور، انڈونیشیا، اور ملائیشیا سمیت کئی ممالک کی بین الاقوامی کمپنیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ میلے میں مختلف اقسام کی مصنوعات کی نمائش اور فروغ کیا جا رہا ہے، جن میں ٹیکسٹائل، الیکٹرانکس، فرنیچر، جیوٹ مصنوعات، چمڑے کی مصنوعات، گھریلو سامان، زیورات، پراسیسڈ فوڈز، دستکاری اور دیگر شامل ہیں۔ یہ تجارتی میلہ روایت اور جدت کا حسین امتزاج پیش کرتے ہوئے ایک متحرک مارکیٹ اور ثقافتی تبادلے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔علاوہ ازیں مختلف ممکنہ ۔شعبوں اور مصنوعات پر سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ تجارتی مواقع کو فروغ دیاجا سکے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب العالم نے مزید کہا کہ یہ میلہ ملکی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کو نیٹ ورکنگ اور باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جو شرکت کرنے والے ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ بنگلہ دیش کی برآمدات میں اضافے کا سبب بنے گا۔ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے ٹی ڈی اے پی اور پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس میں ترجیحی بنیادوں پر ویزا پراسیسنگ بھی شامل ہے، تاکہ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دی جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات مزید مضبوط کیے جا سکیں۔