کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری میگا منصوبوں کو ان کے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا اور اگر اس کی راہ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز زیر تعمیر کورنگی کازوے کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلٰی کے معاون خصوصی سید وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کراچی سید عباس علی شاہ اور ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کورنگی کازوے انجنئیر جنید احمد صدیقی نے منصوبے پر بریفنگ دی۔پی ڈی نے بتایا کہ کورنگی کازوے منصوبہ 1.4 کلومیٹر ہے اور اس پر 40 فیصد سے زائد کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس منصوبے کو جوں 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے اس منصوبے کے حوالے سے درپیش مسائل بالخصوص کورنگی کازوے کو ملیر ایکسپریس وے سے ضم کرنے سمیت دیگر پر تفصیلی بریفنگ لی۔ سعید غنی نے کہا کہ اس منصوبے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے کورنگی اور اطراف کی آبادیوں کا طویل سفر قلیل ہوسکے گا اور انہیں ٹریفک جام کے مسئلے سے بھی چھٹکارا مل جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ اگر اس منصوبے کو ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ ضم کیا جاتا ہے تو یہ منصوبہ 1.4 کلومیٹر سے بڑھ کر 4 کلومیٹر طویل ہوجائے گا۔ انہوں نے منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ جلد ہی وزیر اعلٰی سندھ کو اس منصوبے کی راہ میں درپیش مسائل اور اس منصوبے کو ملیر ایکسپریس وے کے ساتھ ضم کرنے پر بریفنگ دیں گے اور اگر اس کو ملیر ایکسپریس وے سے منسلک کرنا ہوا تو اس کے فنڈز کا بھی فوری اجراء کروایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کم وقت میں فراہم کی جاسکیں۔