کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینک الفلاح اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن(آئی بی اے)کراچی میں سینٹر فار ایکسیلینس ان جرنلزم(سی ای جے)نے جرنلزم ڈگری پروگرام اورمالی خواندگی میں آن لائن کانٹینٹ تخلیق کرنے والوں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اسکالر شپس کا اعلان کیا ہے۔باہمی معاہدے کے مطابق بینک الفلاح سال2024-25کیلئے آئی بی اے میں ماسٹر آف سائنس ان جرنلزم (ایم ایس جے)کی ڈگری حاصل کرنے والے پانچ طلباء کو اسکالر شپ کیلئے فنڈز فراہم کرے گا،اور مالی خواندگی سے متعلق آگاہی کیلئے بارہ کانٹینٹ تخلیق کاروں کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کرے گا۔اس پروگرام کا مقصد صحافیوں کی ایک نئی نسل تیار کرنا ہے جو با اختیار ہونے کے ساتھ ساتھ مالیاتی امور کی تحقیقات اور رپورٹنگ کی مہارت سے لیس ہوں۔اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز،آئی بی اے کی پروفیسرو ڈین ڈاکٹر عاصمہ حیدر نے اس موقع پر کہا کہ ”آئی بی اے کراچی کے اسکول آف اکنامکس اینڈ سوشل سائنسز میں جرنلزم میں ماسٹر ز کے طلباء کو رپورٹنگ،تحقیقات،حقائق کی جانچ،اور ٹیکنالوجی و اخلاقیات کے بہترین اطوار سے آراستہ کیاجاتا ہے۔ اس پروگرا م کے ذریعے آئی بی اے میں ماسٹر آف سائنس ان جرنلزم (ایم ایس جے) کی ڈگری حاصل کرنے والے پانچ طلباء اسکالر شپس کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرکے صحافت سے متعلق مالی خواندگی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے،اور شفافیت کو فروغ دیتے ہوئے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے کو جوابدہ ٹھہرا سکیں گے،اور یہ عمل با لآخر پاکستان میں ایک صحت مند مالیاتی ماحولیاتی نظام کو فروغ دے سکتا ہے۔مزید بر آں سی ای جے-آئی بی اے بارہ کانٹینٹ تخلیق کاروں کیلئے تربیتی سیشنز کا انعقاد کرے گا۔سی ای جے کے قائمقام سربراہ تیمور احمد نے بینک الفلاح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ”نوجوان صحافیوں کو با اختیار بنانے اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے میں ان کی مدد کرنا انتہائی اہم ہے اور ہم سب اس اقدا م کے بہترین نتائج کیلئے پر امید ہیں۔“بینک الفلاح کی ہیڈ آف کارپوریٹ کمیو نیکیشن مدیحہ جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ ”یہ تعاون ایک ہنر مند اوربا خبر افرادی قوت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کی مالی بہبود میں اپنا کردار ادا کرنے کے بینک الفلاح کے عزم کے عین مطابق ہے۔