کراچی (پ ر) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت شاہد عبدالاسلام تھہیم نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے مزدوروں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لئے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
یہ بات انہوں نے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی جس میں محنت کشوں کو درپیش متعدد مسائل پر گفتگو کی گئی۔صوبائی وزیر نے پیپلز لیبر بیورو کے صدر کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مزدوروں کے حقوق کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا اور نہ ہی کوئی ایسی قانون سازی کی جائے گی جو ان کے مفادات کے خلاف ہو۔
مزدور طبقہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر محنت نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے غیر ہنر مند مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 37,000 روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے جلد ہی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ مزدوروں کو اس کا مکمل فائدہ حاصل ہو سکے۔سندھ حکومت نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اورمزدوروں کے مفادات کو اولین ترجیح دی ہے۔
مزدور طبقہ معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اس لیے ان کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدرحبیب الدین جنیدی نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اُن کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت مزدور طبقے کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کرے گی۔