گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تاریخ ساز ریکارڈ قائم کرنے پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید حافظ عاصم منیر، وزیر خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی تاریخ سا ز بلندی نے ثابت کردیا ہے کہ قومی معیشت انتہائی مستحکم ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل گورنر سندھ جب پاکستان اسٹاک ایکس چینج پہنچے تو چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ ایچ سبزواری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ گورنرسندھ نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فرخ ایچ سبزواری کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر سندھ نے ریکارڈ ساز کامیابی پر مٹھائی بھی تقسیم کی۔ گورنر سندھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے متعلقہ حکام نے بریفنگ بھی دی۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا پیمانہ ہوتی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے موجودہ مثبت اشارے قومی معیشت کے استحکام کا واضح اظہار ہے۔ثابت ہوگیا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسی سے قومی معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ جن پاکستانیوں کا پیسہ باہر ہے انہیں چاہئے کہ وہ پاکستان میں کسی بھی شعبہ میں سرمایہ کاری کریں وہ یہاں بزنس کریں کیونکہ جب تک ہم اپنا پیسہ یہاں نہیں لائیں گے تو ملک ترقی کیسے کرسکتاہے ؟۔ آج پاکستان اسٹا ک ایکس چینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اس کی مزید کامیابی کے لئے یہاں پر ملین اکاﺅنٹس کھلنے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لئے وزیراعظم ، عسکری قیادت ، وزارت خزانہ شب و روز محنت کررہے ہیں ، آرمی چیف سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ معیشت کی حفاظت بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک سے کہوں گا کہ وہ بھی اسٹاک ایکس چینج کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاﺅس میں آ ج 50ہزار بچے آئی ٹی کے جدید کورسز کی تعلیم حاصل کررہے ہیں ان بچوں کو بتائیں کہ وہ کس طرح اسٹاک ایکس چینج سے کماسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے
۔