کراچی(پاک نیوز24)آسٹریا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کرکے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد سے ملاقات کی۔ وفد میں پاکستان کے لیے آسٹریا کے تجارتی کمشنر جوہانس برنر ،سی ای او ہائیڈرو فل جیرالڈ ایڈر، ویانا میں مقیم ہائیڈرو فل کے نعمان خان ،عثمان محی الدین اور حمود الرحمن شامل تھے ۔ملاقات کے دوران سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، سید عمران اقبال زیدی محمد ثاقب خرم شہزاد سکندر زرداری محمد علی شیخ سید سردار شاہ اور زنیرہ جلیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے نئی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے حالیہ اقدامات اور اصلاحات پر روشنی ڈالی جن کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے انہوں نے وفد کو واٹر کارپوریشن کے پائیدار ترقی کے اہداف کے روڈ میپ سے SGDs کے گول 6 میں اہداف حاصل کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے واٹر کارپوریشن کی طرف سے اپنے نان ریونیو واٹر کو کم کرنے اور واٹر کارپوریشن کے موجودہ عملے کی استعداد کار میں اضافے پر قریب سے کام کرنے کے لیے اپنائی گئی مختلف حکمت عملیوں کے لیے تکنیکی مدد کے امکان کو اجاگر کیا۔ وفد نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں ترقی اور خطے میں پانی کی فراہمی کرنے والی صف اول کی سہولیات میں سے ایک بننے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔آخر میں وفد نے واٹر کارپوریشن کے جدید ترین ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا دورہ کیا اور کراچی کے چیلنجنگ جیو پولیٹیکل ماحول کے تحت اسے تیار کرنے پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔