کراچی(پاک نیوز 24)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی ہدایت پر محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات جاری ہیں اس سلسلے میں متعلقہ افسران امام بارگاہوں کے منتظمین، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اورعلاقوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔بالخصوص جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں ومساجد کے اطراف صفائی کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جبکہ بوہرہ کمیونٹی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ان کے مجالس پوائنٹس کے اطراف اورعلاقوں میں خصوصی صفائی کا خیال رکھنے کے لئے ٹیمیں تعینات ہیں، صفائی کے ساتھ ساتھ چونے کے چھڑکاؤ کا کام بھی یقینی بنا یا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ افسران نے منتظمین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا،ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر زائرین کی سہولت کے لئے کیمپ لگا ئے جائیں گے جہاں زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے تمام نجی کنٹریکٹرزکو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ترجیحی بنیاد پر سارے انتظامات مکمل کریں۔انہوں نے علاقوں سے کچرا اٹھانے، کچرا کنڈیوں اورجی ٹی ایس سے کچرا اٹھانے کا کام ہنگامی بنیاد پر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے شکایتی مراکز فعال رہیں گے ،ہیلپ لائن نمبر 1128 اور کمپلین ایپ Complaints Karachi) (SSWMBپر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، تمام متعلقہ افسران و عملہ امور کی انجام دہی کے لئے دیگر اداروں کے ساتھ مکمل کورآڈینشن میں رہیں گے۔