کراچی( پ ر) وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کیلئے اچھے اقدامات کر رہی ہے اور شہر بھر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے اور اس ضمن میں واٹر کارپوریشن شہریوں کی خدمات میں دن رات مصروف عمل ہے کیونکہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے پی پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد ستی اور جنرل سیکرٹری جمیل ضیاء کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر پی پی کے رہنماؤں نے واٹر کارپوریشن حکام کو ڈسٹرکٹ ویسٹ بلدیا اور کیماڑی میں درپیش فراہمی و نکاسی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں سی او او واٹر کارپوریشن نے رہنماؤں کو تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے پابند کیا کہ تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں ملاقات کے دوران محمد علی شیخ ظفر پلیجو اور آفتاب عالم چانڈیو سمیت دیگر افسران موجود تھے۔