کراچی (پاک نیوز24)صوبائی وزیرتجارت وصنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے ٹی ڈی اے پی کے چیف ایگزیکٹو زبیرموتی والا،کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمدشیخ،الطاف غفار اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے ہمراہ کراچی ایکسپوسینٹر میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرانتظام جاری تجارتی نمائش’’مائی کراچی‘‘میں لاکھانی سلک ملز کے اسٹال کا دورہ کیا اور ملز کے ڈائریکٹر فرحان لاکھانی سے ملاقات کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیتی ہے، بجلی کا ٹیرف بہت زیادہ ہے جس کا اثرتیزی سے صنعتوں پر پڑ رہا ہے اور صنعتیں تیزی سے اپنی صلاحیت کھو رہی ہیں، بجلی کے مسائل پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اگر سندھ کو بجلی بنانے کی اجازت دے تو صرف 25روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرکے فراہم کی جا سکتی ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دے ، وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے ، وہ اپنا وعدہ پورا کریں۔