کراچی(پ ر): ستمبر8 یومِ بحریہ ہماری بحری تاریخ کا ایک یاد گار دن ہے ۔اس دن ہمارے نڈر جوان غیر متزلزل عزم سے سرشارہو کر بہادری اور بے خوفی کے ساتھ دشمن پر حملہ آور ہوئے۔
یہ دن ان بہادر آفیسرز اور سیلرز کی بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جا تا ہے جن کی مثالی بہادری ہماری آنے والی نسلوں کو ہمیشہ ایک راہ دکھاتی رہے گی اور ہماری قوم میں حب الوطنی کی لو جگائے رکھے گی۔
یومِ بحریہ ان غیر معمولی آپریشنز کی یاد دلاتا ہے جو سمندری سرحدوں کے ہمارے محافظوں کی بے مثال جرأت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ آپریشن ’’سومنات‘‘ بہادری اور شجاعت کا وہ چمکتاہوا مینار ہے کہ جہاں پاک بحریہ کے سات بحری جہازوں پر مشتمل ناقابلِ تسخیربحری بیڑے نے بھارتی بندرگاہ دوارکا پر بے باک حملہ کیا۔
اس دلیرانہ آپریشن نے حساس ساحلی تنصیبات اور اہم ریڈار سٹیشن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا جو کہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں اور دشمن پر کاری ضرب کا عکاس ہے۔1965 کی جنگ کے دوران آبدوز غازی دشمن کے لیے ایک ایسی مزاحمتی دیوار ثابت ہوئی جس نے نہ صرف سمندر میں ہماری جنگی بالادستی قائم کی بلکہ دشمن کے لیے مہلک خطرات پیدا کیے جو ناپاک عزائم رکھتا تھا اور ایک جارحانہ قوت سے ہمارے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔
اس سنہری تاریخ سے راہنمائی لیتے ہوئے پاک بحریہ تیزی کے ساتھ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کو سامنے رکھتے ہوئے ہمہ وقت جنگی تیاریوں سے مکمل آگاہ ہے جہاں ممکنہ غیر یقینی صورت حال مسلسل چوکس رہنے کی متقاضی ہے۔پاکستان نیوی دورِ حاضرکے جنگی جہازوں، آبدوزوں، میری ٹائم ایئر کرافٹ اور گشت کرنے والے جہازوں کی شمولیت سے اپنے بحری بیڑے کو وسیع اورجدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم پر ثابت قدم ہے۔ان شعبوں میں جاری منصوبہ جات آپریشنل قوت کو بڑھانے اور موجودہ ڈھانچے میں جدت لانے کے سلسلے میں پاکستان نیوی کی حکمتِ عملی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
عالمی پانیوں میں پاک بحریہ کی مسلسل موجودگی اور علاقائی بحری افواج کے ساتھ بامقصد اشتراک سے پاک بحریہ کے علاقائی اثر و رسوخ میں مضبوطی آئی ہے۔ پاک بحریہ کی یہ کاوشیں شراکت داری کو مضبوط بنانے ، میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ اور علاقے میں ایک ذمہ داربحری فوج کے کردار کو نبھانے کے سلسلے میں لگن اور جذبے کی عکاس ہیں۔ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی، بلیو اکانومی کے بے پناہ خزانوں سے بھر پورفائدہ حاصل کرنے اور مضبوط اقتصادیات کے حصول کے لیے پاکستان نیوی حکومتِ پاکستان کے شانہ بشانہ مصروفِ عمل ہے۔
آج یومِ بحریہ کے موقع پر ہم اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں اوردفاعِ پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے والے شہداءاور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان نیوی کے آفیسرز ، سی پی اوز / سیلرز اور نیوی سویلینز کسی بھی جارحیت کا استقامت سے مقابلہ کرنے اور ہر قیمت میں قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عہد کرتے ہیں۔
اللہ سبحانہُ تعالیٰ ہماری حفاظت اور راہنمائی فرمائے ۔آمین
پاکستان نیوی زندہ باد پاکستان پائندہ باد