
اسلام آباد ،جون 15: نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد وزیراعظم کے وژن کے مطابق این ٹی سی کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ایک مؤثر، قابلِ اعتماد اور جدید ادارے میں تبدیل کرنا ہے۔
این ٹی سی کے نظام اور طریقۂ کار کو خودکار اور ڈیجیٹل بنانے سے متعلق اس معاہدے پر چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن ڈاکٹر جواد اویس آغا اور پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ کامیابیوں اور ادارے کی تیز رفتار اصلاحات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن این ٹی سی کی اصلاحات میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا:”ایک مضبوط اور ڈیجیٹل نیشنل ٹیرف کمیشن متحرک معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور اس سے پاکستان کے تجارتی تحفظ کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔”
تقریب میں وزیراعظم کے تکنیکی مشیر ڈاکٹر محمد سعید، سیکریٹری وزارت تجارت جواد پال، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں کسٹمز آپریشنز کے رکن اور کسٹمز ایڈمنسٹریشن کے سربراہ سید شکیل شاہ سمیت این ٹی سی اور پی ایس ڈبلیو کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس منصوبے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے، این ٹی سی کے نظام کی خودکاری اور ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا ہے تاکہ ٹیرف اور تجارتی پالیسیوں کے تجزیے، ٹیرف میں اصلاحات اور اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی، کاؤنٹر ویلنگ ڈیوٹی اور حفاظتی اقدامات جیسے تجارتی تحفظ کے معاملات میں درپیش تاخیر کو کم کیا جا سکے۔
اس موقع پر چیئرمین این ٹی سی ڈاکٹر جواد اویس آغا نے کہا: “یہ معاہدہ صرف ایک نئے سافٹ ویئر کے آغاز تک محدود نہیں بلکہ ادارے کی بہتری اور جدیدیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مقدمات کے فیصلوں کا وقت کم ہوگا، تحقیقات کا معیار بہتر ہوگا، جبکہ ٹیرف پالیسی سینٹر ایک شفاف، واضح اور قابلِ اعتماد تجارتی نظام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے پاکستان کا کاروباری اور تجارتی ماحول مزید مضبوط اور مسابقتی بنے گا۔”
پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر نے اس شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا:”این ٹی سی کے اہم محصولات سے متعلق امورکو پاکستان سنگل ونڈو کے ڈیجیٹل نظام کا حصہ بنا کر ہم اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کر رہے ہیں اور حقیقی وقت میں دستیاب مشترکہ تجارتی ڈیٹا کے ذریعے این ٹی سی کی اصلاحات کو نئی رفتار دے رہے ہیں۔”
معاہدے پر دستخط دونوں اداروں کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان میں شفاف، قواعد پر مبنی اور ترقی دوست تجارتی و محصولی نظام کو فروغ دیا جائے تاکہ مقامی صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔




